عمرہ کرنے کا ثواب
حضرتِ سیِّدُنا ابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مروی ہے کہ حضورنبئ پاک، صاحبِ لَوْلاک، سیّاحِ اَفلاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشادفرمایا:ایک عمرہ دوسرے عمرہ کے مابین گناہوں کا کفارہ ہے اور حجِ مبرورکی جزا جنت ہی ہے۔(حدیث)۔
رسول اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے: حاجی اور عمرہ کرنے والے اللہ عَزَّوَجَلَّ کے مہمان ہيں ،وہ انہيں بلاتا ہے تو يہ اس کے بلاوے پر لبيک کہتے ہيں اوریہ اس سے سوال کرتے ہيں تو اللہ عَزَّوَجَلَّ اِنہيں عطا فرماتا ہے۔(حدیث)۔
حضرتِ سیدنا ابن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَر صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا، حج اورعمر ہ پے در پے ادا کرلیا کرو کیونکہ یہ فقر اورگناہوں کواس طر ح مٹا دیتے ہیں جیسے بھٹی سونے چا ندی اور لوہے کا زنگ دور کردیتی ہے۔(حدیث)۔
ماہِ رمضان ميں عمرہ کی فضیلت
حضورنبی کریم ،رء وف رحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: رمضان المبارک ميں عمرہ کرنا ميرے ساتھ حج کرنے کے برابر ہے۔(حدیث)۔
حضورنبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے دریافت کيا گيا کہ کون سا عمل آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے ساتھ حج کرنے کے برابر ہے؟ تو آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ے ارشاد فرمایا: رمضان المبارک ميں عمرہ کرنا۔
No comments:
Post a Comment