اب ملتزم پر آئیے
نمازِ طواف ودُعاسے فارِغ ہوکر(مُلْتَزَم کی حاضِری مُستحَب ہے ) مُلْتَزَم سے لپٹ جائیے۔ دروازۂ کعبہ اور حَجَرِاَسوَد کے دَرمِیانی حصَّے کو مُلْتَزَم کہتے ہیں، اِس میں دروازۂ کعبہ شامل نہیں ۔ مُلْتَزَم سے کبھی سینہ لگائیے تو کبھی پیٹ، اِس پر کبھی دایاں رُخسار تو کبھی بایاں رُخسار اور دونوں ہاتھ سَر سے اُونچے کر کے دیوار ِمقدَّس پر پھیلائیے یا سیدھا ہاتھ دروازۂ کعبہ کی طرف اور اُلٹا ہاتھ حَجَرِاَسوَد کی طرف پھیلا ئیے۔ خوب آنسو بہائیے اورنہایت ہی عاجِزی کے ساتھ گڑگڑا کر اپنے پاک پَرْوَرْدَگار عَزَّوَجَلَّ سے اپنے لئے اور تمام اُمَّت کے لئے اپنی زَبان میں دُعا مانگئے کہ مَقامِ قَبول ہے۔ یہاں کی ایک دُعا یہ ہے:۔
یَا وَاجِدُ یَا مَاجِدُ لَا تُزِلْ عَنِّیْ نِعْمَۃً اَنْعَمْتَھَا عَلَیَّ ط
اے قدرت والے! اے بزرگ! تو نے مجھے جو نعمت دی، اس کو مجھ سے زائل نہ کر۔
حدیث میں فرمایا: ’’جب میں چاہتا ہوں جبریل کو دیکھتا ہوں کہ مُلتَزَم سے لپٹے ہوئے یہ دعا کر رہے ہیں ۔ ‘‘(بہارِ شریعت ج۱ص۱۱۰۴)اورہو سکے تو دُرُود شریف پڑھ کر یہ دُعا بھی پڑھئے:۔
مقام ملتزم پر پڑھنے کی دعا
اَللّٰھُمَّ یَا رَبَّ الْبَیْتِ الْعَتِیْقِ اَعْتِقْ رِقَابَنَا وَ رِقَابَ اٰبَآئِنَا وَ اُمَّھَاتِنَا وَ اِخْوَانِنَا وَ اَوْلَادِنَا مِنَ النَّارِ یَا ذَا الْجُوْدِ وَالْکَرَمِ وَ الْفَضْلِ وَ الْمَنِّ وَ الْعَطَآءِ وَ الْاِحْسَانِ ط اَللّٰھُمَّ اَحْسِنْ عَاقِبَتَنَا فِی الْاُمُوْرِ کُلِّھَا وَاَجِرْنَا مِنْ خِزْیِ الدُّنْیَا وَعَذَابِ الْاٰخِرَۃِ ط اَللّٰھُمَّ اِ نِّیْ عَبْدُكَ وَابْنُ عَبْدِكَ وَ اقِفٌ تَحْتَ بَابِكَ مُلْتَزِمٌ بِاَعْتَابِكَ مُتَذَلِّلٌۢ بَیْنَ یَدَیْكَ اَرْجُوْ رَحْمَتَكَ وَ اَخْشٰی عَذَابَكَ مِنَ النَّارِ یَا قَدِیْمَ الْاِحْسَانِ ط اَللّٰھُمَّ اِ نِّیْۤ اَسْئَلُكَ اَنْ تَرْفَعَ ذِکْرِیْ وَ تَضَعَ وِزْرِیْ وَتُصْلِحَ اَمْرِیْ وَ تُطَھِّرَ قَلْبِیْ وَ تُنَوِّرَلِیْ فِیْ قَبْرِیْ وَ تَغْفِرَ لِیْ ذَنْۢبِیْ وَاَسْئَلُكَ الدَّرَجَاتِ الْعُلٰی مِنَ الْجَنَّۃِ ط اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم
ترجمہ: اے اللہ عَزَّ وَجَلَّ!اے اِس قدیم گھر کے مالک !ہماری گردنوں کو اور ہمارے(مسلمان) باپ دادوں اور ماؤں (بہنوں)اور بھائیوں اور اولاد کی گردنوں کو دوزخ سے آزاد کردے، اے بخشش اور کرم اور فضل اور اِحسان اورعطاوالے! اے اللہ عَزَّ وَجَلَّ! تمام مُعامَلات میں ہمارا انجام بخیر فرما اورہمیں دنیا کی رسوائی اور آخرت کے عذاب سے محفوظ رکھ ۔ اے اللہ عَزَّ وَجَلَّ!میں تیرا بندہ ہوں اوربندہ زادہ ہوں، تیرے (مقدس گھر کے) دروازے کے نیچے کھڑاہوں، تیرے دروازے کی چوکھٹو ں سے لپٹا ہوں ، تیرے سامنے عاجِزی کااظہار کر رہاہوں اور تیری رحمت کا طلب گار ہوں اورتیرے دوزخ کے عذاب سے ڈر رہاہوں اے ہمیشہ کے محسن !(اب بھی احسان فرما)اے اللہ عَزَّ وَجَلَّ! میں تجھ سے سُوال کرتا ہوں کہ میرے ذکر کو بلندی عطا فرما اور میرے گناہوں کا بوجھ ہلکا کر اور میرے کاموں کو دُرُست فرما اور میرے دل کو پاک کر اور میرے لئے قبر میں رو شنی فرما اور میرے گناہ مُعاف فرما اور میں تجھ سے جنَّت کے اونچے دَرَجوں کی بھیک مانگتاہوں۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم۔
ایک اَہم مَسئَلہ
مُلتَزَم کے پاس نَمازِ طواف کے بعد آنا اُس طواف میں ہے جس کے بعد سَعی ہے اور جس کے بعد سَعی نہ ہو مثلًا طوافِ نفل یا طوافُ الزیارَۃ (جب کہ حج کی سَعی سے پہلے فارغ ہوچکے ہوں ) اُس میں نَماز سے پہلے مُلتَزَم سے لپٹئے۔ پھر مَقام اِبراہیم کے پاس جاکر دو رَکعَت نَماز ادا کیجئے۔(المسلک المتقسط ص۱۳۸)۔
No comments:
Post a Comment