Tuesday, December 31, 2019

shart[شرط ]

shart[شرط ]

شرط


لُڈو، کیرم، بلیرڈ، تاش وغیرہ کی ناجائز و حرام شرطوں میں توانسان مال ہارتا ہے لیکن خطرناک شرطوں میں اپنی جان بھی ہارجاتا ہے جیسے گہرے اور تیز دریا کو تیر کر پار کرنے کی شرط،شیر، چیتے، ریچھ اور مگرمچھ جیسے خونخوار جانوروں کے قریب جانے، انہیں ہاتھ لگانے ،خوفناک ویرانے میں تنہارات گزارنے ،اونچی بلڈنگوں کے کنارے پر بغیر سہارے کھڑے ہونے ،پہاڑوں کی خطرناک چوٹیوں پر پُر خطر انداز سے کھڑے ہونے ،غیر ہموار ڈھلوان والے بلند پہاڑ سے بھاگتے ہوئے نیچے اُترنے کی شرط ،زہریلے سانپ کو ہاتھ میں پکڑنے کی شرط ،چلتی گاڑی سے چھلانگ لگانے کی شرط ،کسی کے سر پر سیب وغیرہ رکھ کر اصل پسٹل کی گولی سے سیب کو نشانہ بنانے کی شرط ،گہری آبشاروں میں چھلانگ لگانے ،خون جمادینے والی سردی میں گرم لباس کے بغیر برف باری یا ٹھنڈے ٹھار پانی میں بیٹھ جانے ،تیزرفتار ٹرین کے سامنے زیادہ دیر تک کھڑے رہنے ،بغیر بریک لگائے رَش والی سڑکوں پر موٹر سائیکل ریس لگانے ،زیادہ دیر تک بائیک کا اگلا پہیہ اُٹھا کر وَن وِیلنگ کرنے جیسی خطرناک شرطیں اکثر جان لیوا ثابت ہوتی ہیں، اس قسم کی شرطوں سے دُور رہنا چاہئے۔
بِلامَصلَحتِ شرعی جان بوجھ کر اپنے آپ کو ہلاکت پر پیش کرنا گناہ و حرام اور جہنَّم میں لے جانے والا کام ہے۔ پارہ ۲سورۃ البقرۃ آیت نمبر ۱۹۵ میں ارشاد ہوتا ہے:( وَ لَا تُلْقُوْا بِاَیْدِیْكُمْ اِلَى التَّهْلُكَةِ ﳝ- ) تَرجَمۂ کنز الایمان: اور اپنے ہاتھوں ہلاکت میں نہ پڑو۔

انسان کے کردار پر جو چیزیں اثر انداز ہوتی ہیں ان میں سے صحبت بھی ہے، انسان اگر کاروباری لوگوں کے ساتھ اٹھے بیٹھے گا تو وہ کاروبار کے بارے میں زیادہ سوچنا شروع کردے گا، کھلاڑیوں کے ساتھ رہے گا تو کھیلوں کا شوقین بنے گا، عبادت گزار پرہیز گار لوگوں میں بیٹھے گا تو اس کی زندگی بھی انہی کے رنگ میں رنگ جائے گی، صحبت کے اثرات کو نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے یوں بیان فرمایا ہے:اچّھے اور بُرے مصاحب (ساتھی) کی مثال، مُشک اُٹھانے والے اور بھٹی جھونکنے والے کی طرح ہے، کستوری اٹھانے والا تمہیں تحفہ دے گا یا تم اس سے خریدو گے یا تمہیں اس سے عمدہ خوشبو آئے گی، جبکہ بھٹی جھونکنے والا یا تمہارے کپڑے جلائے گا یا تمہیں اس سے ناگوار بُو آئے گی(مسلم)۔
ہمیں چاہئے کہ کوئی بھی کام کرنے سے پہلے اس کے انجام پر غور کرلیں، خاص کرحد سے زیادہ خوداعتمادی کا شکار ہوکر خطرناک کاموں کے حوالے سے کسی کے چکر میں نہ آئیں۔ ربِّ کریم ہمیں نیک اور پرہیزگار بننے کی توفیق عطا فرمائے۔اے کاش!ہمیں نیکیوں میں ایک دُوسرے کامقابلہ کرنے کی سوچ نصیب ہو جائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

islamic events © 2019,

No comments:

Post a Comment

hazrat muhammad mustafa sallallahu alaihi wa sallam[حضرت محمد مصطفٰی صلّی اللہ تعالٰی علیہ وسلّم]

حضرت محمد مصطفٰی صلّی اللہ تعالٰی علیہ وسلّم ...