حضرت سیّد قطب عالم شاہ بخاری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ
حضرت سیّد قطب عالم شاہ بخاری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ بڑے فیاض ، سخی ، صاحب تصرف اور ولی کامل تھے آج بھی آپ کے مزار پر جانے والے متذکرہ بالا اوصاف کی تصدیق کرتے ہیں۔ سیّد قطب عالم شاہ بخاریؒ کا اصل نام سیّد عبدالوہاب شاہ اورالقاب، ’پیرِقُطب‘ اور ’عالم شاہ‘ہیں۔عالم شاہ بخاری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ ۱۳ رجب المرجب ۹۹۹ ہجری کو اُچ شریف ضلع بہاولپور پنجاب میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم، والدِ گرامی، حامد علی شاہ بخاری سے حاصل کی، جن کا سلسلہء نسب، مخدُوم جہانیاں ”جہاں گشت“ سے جا ملتا ہے۔ ابتدائی بعیّت ۱۷ برس کی عمر میں، سلسلہ ء سہروردیہ میں، والدِ گرامی سے کی اور ۸ برس کی عمر میں قرآن پاک حفظ کیا۔ جب آپ ۲۱ سال کے تھے، تو والدِ گرامی نے آپ کو خرقہ و دستار عطار کی اور اشاعتِ دین کا حکم دیا۔
جس کے بعد عالم شاہ بخاری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ پیدل حج بیت اﷲکے لئے روانہ ہوئے اور پھر زیارت روضہ رسول ﷺ کے لئے پہنچے تو جاروب کشی اختیار کرلی ، اس دوران زیارت ، روئے اقدس سے فیضیاب ہوئے اور اشاعت دین کی ہدایت ملی ، آپ مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے دہلی پہنچے اور مزارات بختیار کاکی علیہ الرحمہ ، خواجہ نظام الدین اولیا ء علیہ الرحمہ اور حضرت نصیر الدین روشن دہلی علیہ الرحمہ پرحاضری دی۔ اس دوران احمد آباد گجرات بھی گئے اور اپنے جد امجد سیدنا برہان الدین قطب عالم علیہ الرحمہ کے روضہ اقدس سے اکتساب فیض کیا اور پھر وہاں سے کراچی تشریف لائے۔
کراچی میں ساحلِ سمندر پر آباد ایک چھوٹی سی بستی تھی، جہاں کچھ گھر مچھیروں کے تھے جو ماہی گیری سے گزر اوقات کرتے تھے یہاں ایک قبیلہ روایات کے مطابق ایسا بھی آباد تھا جس کا پیشہ سمندری قزاقی تھا ، بابا عالم شاہ بخاری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی تبلیغ ، حسن اخلاق اور دعا سے وہ لوگ مسلمان ہوکر توبہ تائب ہوئے ۔ بعد ازاں آپ ساحلِ سمندر سے اْٹھ کر بستی کی طرف نکل گئے، اور اُس وقت کے کلاچی (حال کے ”کراچی“ ) کے موجُودہ ’آرا م باغ‘ کے علاقے میں سکونت پزیر ہوئے۔ بابا عالم شاہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نے اُس مقام سے چند فرلانگ مغرب میں واقع، اُس میدان میں جاکر قیام فرمایا، جہاں اُس زمانے میں درختوں کا ایک جھنڈ واقع تھا۔
بابا عالم شاہ بخاری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کو اُن کے عقیدتمند ’قطبِ عالم‘ اور ’قطبِ کراچی‘ بھی کہہ کر پکارتے ہیں۔ آپ نے ۲۵ ربیع الثانی ۱۰۴٦ ہجری میں وفات پائی۔ آپ کا مزار، کراچی میں، موجُودھ ایم اے جناح روڈ پر، عیدگاہ بالمقابل جامع کلاتھ مارکیٹ واقع ہے اور مرجعِ خاص و عام ہے۔ آپ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کا مرقد سطحِ زمین سے کم وبیش ۱۰ فٹ نیچے ہے۔
No comments:
Post a Comment