Monday, September 23, 2019

Jannatul Baqi[جنّتُ البقیع]

Jannatul Baqi[جنّتُ البقیع]

جنّتُ البقیع


جنّتُ البقیع مدینۂ منورہ کا قدیم، مشہورومبارک قبرِستان ہے،مسجد نَبَوی کے جوارِ رحمت میں جُنوب مشرِقی جانب واقع یہ قبرستان لاکھوں مسلمانوں کی زیارت گاہ ہے، عاشقانِ رسول یہاں مزاراتِ صحابہ و اولیاءپر حاضِری دے کر فاتِحہ کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔
جنت البقیع کابطورِ قبرستان انتخاب رسولُ اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کسی ایسی جگہ کی تلاش میں تھے جہاں اپنے اصحاب کی تدفین فرمائیں، آپ نے مختلف جگہوں کو ملاحظہ فرمایااور پھر یہ سعادت جنت البقیع کو حاصل ہوئی، ارشاد فرمایا:مجھے اس جگہ یعنی بقیع (کے انتخاب ) کا حکم ہوا ہے(حدیث)۔
جنت البقیع کے نام اور اُن کی وجہ عربی میں بقیع درخت والے میدان کو کہتے ہیں اس میدان میں پہلے غَرْقَدکے درخت تھے اسی لئے اس جگہ کا نام ”بقیعُ الْغَرقد“ ہو گیا۔ عرب لوگ عُمُوماً اپنے قبرِستانوں کو جنّت کہہ کر پکارتے ہیں اسی لئے ”جنت البقیع“ پکاراجانے لگا۔ اَعْرابیوں میں اس کا نام ”مقابِرُ البقیع “مشہور ہے۔
جنت البقیع کا کل رقبہ اِبتدائے اسلام میں اس کا رقبہ کم تھا، حضرت سیدناامیرمعاویہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کے دور میں اس کی پہلی توسیع ہوئی پھر مزید توسیعات ہوئیں، تُرک دورِ حکومت کے آخر میں اس کا کل رقبہ ۱۵۰۰۰مربع میٹر تھا، بعدازاں مزید توسیعات بھی ہوتی رہیں اور آج کل اس کا کل رقبہ تقریباً ۵٦۰۰۰مُرَبَّع میٹر ہے۔

جنت البقیع میں مدفون عظیم ہستیاں ”جنت البقیع“ دنیا کے تمام قبرستانوں سے افضل ہے، یہاں تقریباً ۱۰ہزارصحابۂ کرام و اَجَلَّہ اہلِ بیتِ اطہار علیہمُ الرِّضوان اور بے شمار تابعینِ کرام،تبع تابعین اور اولیائے عِظام رَحِمَہُمُ اللہُ السَّلَام اوردیگر خوش بخت مسلمان مدفون ہیں۔چند مشہور نام یہ ہیں: حضرت سیّدنا عباس بن عبدالمطلب، امیر المؤمنین سیدنا عثمانِ غنی،سیّدنا عبدالرحمٰن بن عوف، سیدنا عبد اللہ بن مسعود، سیّدنا امام حسن، سیدنا ابوہریرہ، سیدنا حَسّان بن ثابت ،سیّدہ فاطمۃُ الزَّہراء،امّ المؤمنین سیّدتنا عائشہ صدیقہ و کئی اُمہات المؤمنین،رسولِ خدا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے لختِ جگر سیدنا ابراہیم رِضْوَانُ اللہِ عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن ۔
سب سے پہلے مدفون صحابی مہاجرین میں سے حضرت عثمان بن مظعون رضی اللہ تعالٰی عنہ اور انصارمیں سے حضرت اسعد بن زُرَارَہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سب سے پہلے جنت البقیع میں مدفون ہوئے۔
حضور نبیِّ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم اکثروبیشتر جنت البقیع تشریف لے جایا کرتے تھے، اُمُّ المؤمنین سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالٰی عنہا سے روایت ہے کہ ایک بار آپ رات کےآخری پہرجنت البقیع تشریف لے گئے اور اہل بقیع کےلئے دُعائے مغفِرت فرمائی (مسلم)۔
جنت البقیع کے فضائل: فرمان مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم: سب سے پہلے میری قبر شق ہوگی (یعنی کھلے گی)، پھر ابوبکر کی اور پھر عمر کی، ا س کے بعد میں اہلِ بقیع کے پاس آؤں گا تو انہیں میرے ساتھ اٹھایا جائے گا(ترمذی)۔

جنت البقیع میں دفن ہونے کے فضائل: یہاں دفن ہونے والوں کے لئےمغفِرت کی دُعا فرمائی گئی، چنانچہ احمدمجتبےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:اے اللہ عَزَّوَجَلَّ!بقیعِ غرقد والوں کی مغفرت فرما۔ (مسلم) شفاعت کی بشارت دی گئی،فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے: جسے ہمارے اس قبرستان (یعنی بقیع غرقد) میں دفن کیا جائے گا (روزِ قیامت) ہم اس کی شفاعت کریں گے۔ یا فرمایا: اس کی گواہی دیں گے۔
جنت البقیع میں دفن ہونے کی خواہش یہی وجہ ہے کہ بعض صحابۂ کرامعلیہمُ الرِّضوان نے جنت البقیع میں اپنی تدفین کی وصیت فرمائی چنانچہ دُوردَراز عَلاقوں سے ان کی مَیِّت کو لاکر جنت البقیع میں دفنایا گیا،ایسے چند صحابہ کرام کےنام یہ ہیں: حضرت سیدنا سعد بن ابی وقاص، سیدنا سعید بن زید، سیدنا سعید بن عاص، سیدنا ابوہریرہ، سیدنا اُسامہ بن زید رضی اللہ تعالٰی عنہم۔
جنت البقیع میں حاضری کا طریقہ جنت البقیع کے مَدْفُونِین کی خدمت میں باہر ہی کھڑے ہوکر سلام عرض کریں اور باہر ہی سے دعا کریں کہ اب جنت البقیع میں موجود تقریباً تمام مزارات کو شہیدکردیا گیا ہے، اگر آپ اندرگئے تو کیا معلوم آپ کا پاؤں کس صحابی یا ولی کے مزار پر پڑرہا ہے۔ عام مسلمانوں کی قبروں پر بھی پاؤں رکھنا حرام ہے، جوراستہ قبریں مُنْہَدِم کرکےبنایا جائے اس پرچلنا بھی حرام ہے۔
اے ربِّ کریم!ہمیں ایمان و عافیت کے ساتھ شہادت کی موت اور جنت البقیع میں مَدْفَن عطا فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

islamic events © 2019,

No comments:

Post a Comment

hazrat muhammad mustafa sallallahu alaihi wa sallam[حضرت محمد مصطفٰی صلّی اللہ تعالٰی علیہ وسلّم]

حضرت محمد مصطفٰی صلّی اللہ تعالٰی علیہ وسلّم ...