Wednesday, August 28, 2019

hazrat sayyiduna umar farooq e azam R.A[حضرت سیّدنا عُمَر فاروق اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ]

hazrat sayyiduna umar farooq e azam R.A[حضرت سیّدنا عُمَر فاروق اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ]
hazrat sayyiduna umar farooq e azam R.A[حضرت سیّدنا عُمَر فاروق اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ]

امامُ العادِلین،غیظُ المنافقین ،امیرالمؤمنین حضرت سیّدنا عُمَر فاروق اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ


خلیفۂ دُوُم حضرتِ سیِّدُنا عُمَر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کی کُنْیَت’’ابوحَفْص‘‘ اور لقَب ’’فاروقِ اَعظم‘‘ہے۔آپ کی ولادت واقعہ فیل کے ۱۳/ سال بعد مکہ شریف میں ہوئی ۔ ایک روایت میں ہے آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ ۳۹ مردوں کے بعد، رَحْمَۃٌ لّلْعٰلمین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی دُعا سے اِعلانِ نُبُوَّت کے چھٹے سال میں ایمان لائے۔آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کے اسلام قَبول کرنے سے مسلمانوں کو بے حد خوشی ہوئی اوراُن کو بَہُت بڑا سہارا مل گیا یہاں تک کہ حُضُور رحمتِ عالَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے مسلمانوں کے ساتھ مل کر حَرَمِ محترم میں اِعْلانِیہ نَماز ادا فرمائی۔
حضرتِ سیِّدُنا عُمَر بن خَطّاب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ اِسلامی جنگوں میں مُجاہِدانہ شان کے ساتھ کُفّارِ نا ہبخار سے بر سرِپَیکار رہے اور سرورِ کائنات صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی تمام اسلامی تحریکات اورصُلْح وجنگ وغیرہ کی تمام منصوبہ بندیوں میں وزیر ومُشیر کی حیثیَّت سے وفادار ورفیقِ کار رہے۔حضرتِ سیِّدُنا عُمَر بن خَطّاب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ حضرتِ سیِّدُنا صِدِّیق اَکبر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کے بعد تمام صَحابۂ کِرام عَلَيْهِمُ الّرِّضْوَان سے اَفضل ہیں۔آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ عشرہ مبشرہ میں سے ہیں،آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کردہ احادیث کی تعداد ۵۳۷ ہے۔

خلیفۂ اوّل ، امیرُالْمُؤمِنِین ،حضرتِ سیِّدُنا ابو بکر صِدِّیق رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے اپنے بعدحضرتِ سیِّدُنا فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کو خلیفہ مُنتخَب فرمایا، آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے تختِ خِلافت پر رَونق اَفروز رہ کر جانَشینی ٔ مصطَفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی تمام تر ذِمّے داریوں کو بَطریقِ اَحْسن سر اَنجام دیا۔مسندِ خلافت پر دس سال چھ ماہ تک فائز رہے۔دور خلافت میں عراق، مصر، لیبیا، سرزمین شام، ایران، خراسان، مشرقی اناطولیہ، جنوبی آرمینیا اور سجستان فتح ہو کر مملکت اسلامی میں شامل ہوئے اور اس کا رقبہ بائیس لاکھ اکاون ہزاراورتیس مربع میل پر پھیل گیا۔
فضائل ومناقب:حضور رحمت عالم ﷺ نے ارشاد فر مایا کہ: اگر میرے بعد کوئی نبی ہوتا تو عمر بن خطاب ہوتے۔[تر مذی]۔ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فر مایا کہ: بے شک اللہ تعالیٰ نے “حق” عمر کے زبان اور دل پر رکھ دیا ہے. [ترمذی]۔حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فر مایا کہ:ہر نبی کے دو وزیر آسمان والوں میں سے ہوتے ہیں اور دو وزیر زمین والوں میں سے۔تو میرے دو وزیر آسمان والوں میں سے جبرئیل اور میکا ئیل ہیں اور زمین والوں میں سے میرے دو وزیر ابو بکر اور عمر ہیں۔۔[ترمذی]۔حضور نبی کریم ﷺ نے فر مایا کہ:ابو بکر اور عمر اگلے اور پچھلےتمام جنتی بوڑھوں کے سردار ہیں ،سوائے نبیوں اور رسولوں کے۔[ترمذی]۔

تاریخِ عالَم کے اس عظیم حکمران کی پوری زندگی عزّت و شرافت اور عظمت کے کارناموں کی اعلیٰ مثال تھی، ۲٦ذو الحجۃ الحرام کی صبح ایک مجوسی غلام ابو لؤلؤ فیروز نے حضرتِ سیِّدُنا فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ پر فجر کی نماز کے دوران قاتلانہ حملہ کیا اور شدید زخمی کردیا، آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے حضرت عبد الرحمٰن بن عوف رضی اللہ تعالٰی عنہ کو نماز پڑھانے کا حکم دیا، جب لوگ آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کو اٹھا کر آپ کے گھر میں لائے تو مسلسل خون بہنے کی وجہ سے آپ پر غشی طاری ہوچکی تھی ہوش میں آتے ہی آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے اپنے بیٹے کا ہاتھ پکڑ کر انہیں اپنے پیچھے بٹھا لیا اور وضو کرکے نمازِ فجر ادا کی پھر چند دن شدید زخمی حالت میں گزار کر اپنی جان جانِ آفرین کے سپرد کردی۔ حضرتِ صُہَیْب رضی اللہ تعالٰی عنہ نے آپ کی نمازِ جنازہ پڑھائی اور گوہرِ نایاب ، فیضانِ نُبُوَّت سے فَیضیاب خلیفۂ رسالت مآب حضرتِ سیِّدُناعمر بن خطّاب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ روضۂ مُبارَکہ کے اندریکم مُحَرَّمُ الْحرام ۲۴ ہجری اتوار کے دن حضرتِ سیِّدُنا صِدِّیقِ اَکبر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کے پہلوئے اَنور میں مَدفون ہوئے جو کہ سرکارِ مدینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے پہلوئے پاک میں آرام فرما ہیں۔ بوقتِ شہادت آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کی عُمْر مبارک ٦۳برس تھی۔اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی اُن پر رحمت ہو اور اُن کے صدْقے ہماری بے حِساب مغفِرت ہو۔ اٰمین بِجاہِ النَّبِیِّ الْاَمین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وسلَّم۔۔۔

islamic events © 2019,

No comments:

Post a Comment

hazrat muhammad mustafa sallallahu alaihi wa sallam[حضرت محمد مصطفٰی صلّی اللہ تعالٰی علیہ وسلّم]

حضرت محمد مصطفٰی صلّی اللہ تعالٰی علیہ وسلّم ...